ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی۔20 کی سیریز کھیلی جارہی ہے، دونوں ہی ٹیموں نے ایک ایک مقابلہ جیت کر سیریز مین برابری کی ہوئی ہے۔ دوسرے مقابلے میں سری لنکا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ کے نقصان پر 160 رن بنائے، جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 18.4 اوورمیں 117 رن پر آل آوٹ ہوگئی۔ اوپنر گناتلکا نے اپنی اننگ میں چار چوکوں اور دوچھکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 56 رن کی شاندار اننگ کھیلی۔ ایک دیگر اوپنر پتھم نسانکا نے بھی چار چوکوں اور ایک چھکا کی بدولت 23 گیندوں پر 37 رن کی تیز اننگ کھیلی۔ دونوں سلامی بلے بازوں نے پہلے وکٹ کے لئے 95 رنوں کی اہم شراکت کی جو آخر میں سری لنکا کی جیت کی وجہ بنی۔
دوسری جانب ہرسنگا نے گیند اور بلے دونوں کے ساتھ لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہرسنگا نے آخری اووروں میں ٹیم کے لئے 11 گیندوں پر اہم 19 رن بنائے۔ انہوں نے وہیں گیندبازی کے محاذ پر لینڈل سمنس اور کرس گیل جیسے تجربہ کار اور دھماکے دار بلے بازوں اور فیبئن ایلن کا وکٹ لیا۔