بارش کی آمد کی وجہ سے میچ میں اوورز کی تعداد کم کرتے ہوئے 47-47 کردی گئی تھی ۔ ہندوستان نے سلامی بلے باز پرتھوی شا اور سنجو سیمسن اور مڈل آرڈر کے بلے باز سوریہ کمار یادو کی بالترتیب 49 ، 46 اور 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت سری لنکا کو 227 رنز کا ہدف دیا اور میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 39 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سری لنکا نے 35 رن پر اپنا پہلا وکٹ گنوایا لیکن فرنانڈو اور راج پکشے نے دوسرے وکٹ کے لئے 109 رن کی بہترین شراکت کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت سے ہمکنار کیا ۔
سری لنکا کی ٹیم ایک بار تین وکٹوں پر 194 رنزبناکر اچھی پوزیشن میں تھی لیکن پھر 26 رنز کے وقفے میں چار وکٹیں گنوا بیٹھی۔ لیگ اسپنر راہل چاہر نے ان چاروں میں سے تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا رخ اچانک موڑ دیا ۔ لیکن رمیش مینڈس نے ناٹ آوٹ 15 رنز بناکر سری لنکا کوقابل احترام جیت دلادی۔ اس سال سری لنکا کی یہ ون ڈے کی دوسری جیت ہے۔ فرنینڈو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ہندوستان کے سوریا کمار یادو کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔