پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹی۔20 ٹورنامینٹ کوکورونا وائرس پھیلنے کے سبب ملتوی کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اتنی زیادہ احتیاطوں کے باوجود اور بائیو سیکیور ببل پروٹوکولز کے نفاذ کے بعد بھی وائرس کیوں پھیلا اور کھلاڑی متاثر ہوتے گئے۔ مختلف جانب سے سوالات اٹھنے اور جانچ کے مطالبہ کے بعد پی سی بی اور متعلقہ انتظامیہ نے ایک میڈیکل پینل تشکیل دیا ہے۔ مذکورہ پینل وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمیٰ محمد عباس پر مشتمل ہے۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ میڈیکل پینل بائیو سیکیور ببل پروٹوکولز اور اس سے جڑے ضمنی قوانین کا ازسرِ نو جائزہ لے گا اور کہاں کہاں خامیاں پائی گئی ہیں اس کی نشاندہی کرے گا۔ پی سی بی کے مطابق پینل 31 مارچ تک اپنی سفارشات اور تجاویز چیئرمین کو پیش کرے گا۔ بورڈ کے مطابق یہ ڈیڈ لائن حتمی ہے۔