کولکاتا: کولکاتا میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بری طرح شکست دے دی۔ کولکاتا کے ایڈن گارڈرن میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 73 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹونٹی سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔
ٹیم انڈیا کے 184 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 17.2 اوور میں صرف 111 رنز بنا سکی اور ہندوستان نے یہ میچ 73 رنز کے بڑے اسکور سے جیت لیا۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے گیند بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بلے باز رن نہ بنا سکا۔
ٹیم انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے روہت شرما کی نصف سنچری اننگز کی بنیاد پر 20 اوور میں 7 وکٹ پر 184 رن کا بڑا اسکور بنایا۔ اس میں دیپک چاہر کی اننگز کے آخری اوور میں دھوم مچانے والی اننگز تھی جنہوں نے صرف آٹھ گیندوں پر 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ چاہر نے آخری اوور میں ایڈم ملنے کی گیندوں پر مجموعی طور پر 19 رنز بنائے۔
اننگز کے آغاز میں ایشان کشن نے روہت شرما کے ساتھ مل کر بھارت کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 29 رنز بنانے کے بعد سینٹنر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ کشن کا کیچ سیفرٹ نے پکڑا جبکہ سینٹنر نے سوریہ کمار یادو کو اپنا دوسرا شکار بنایا اور بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ کر دیا۔ چار رنز کے سکور پر رشبھ پنت کو سینٹنر نے اپنا تیسرا شکار بنایا اور ان کا کیچ نیشام نے پکڑا۔