ملک میں گزشتہ کل سے گھریلو کرکٹ کا آغاز سید مشتاق علی ٹرافی ٹورنامنٹ کے ساتھ ہوا۔ اس دوران بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں اور میزبان ایسوسی ایشنز کی فیس میں اضافے کا تحفہ دیا ہے۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے بتایا ہے کہ احمد آباد میں منعقدہ سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) میں میزبان ایسوسی ایشنز کی رائے اور بی سی سی آئی کے عہدیداروں سے بات چیت کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ نے اتوار کے روز سید مشتاق علی ٹرافی کی میزبانی کرنے والی چھ ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ہوسٹنگ فیس ڈھائی لاکھ روپے سے بڑھا کر ساڑھے تین لاکھ روپے کردی ہے جبکہ کھلاڑیوں کی میچ فیس 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
یہ ٹی 20 مقابلہ اتوار سے شروع ہوا اور اسی کے ساتھ کووڈ 19 وبا کی وجہ سے کئی ماہ کے بعد گھریلو سیزن کا آغاز بھی ہوا۔ سید مشتاق علی ٹرافی ٹورنامنٹ 6 شہروں میں محفوظ ماحول میں کھیلا جارہا ہے۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ جے شاہ نے تمام 6 میزبان ایسوسی ایشنز کو لکھا کہ 'احمد آباد میں سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) میں میزبان ایسوسی ایشن کی رائے موصول ہونے اور بی سی سی آئی میں ہمارے ساتھیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ 2020-21 سیزن کے لیے سید مشتاق علی ٹی 20 ٹورنامنٹ کی میزبانی کی فیس ڈھائی لاکھ روپے سے بڑھا کر ساڑھے تین لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں ٹیموں کو 6 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں پانچ ایلیٹ اور ایک پلیٹ گروپ ہے۔ میچز کا انعقاد ممبئی، وڈوڈرا، اندور، کولکاتہ، چنئی اور بنگلورو میں کیا جارہا ہے جبکہ ناک آؤٹ میچ احمد آباد میں ہوں گے۔