دبئی: بھارت نے ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کو 40 رن سے شکست دے کر سپر چار میں جگہ بنالی ہے جس میں سوریہ کمار یادو کی 26 گیندوں میں کھیلی گئی 68 رن کی شاندار اننگز کا اہم رول رہا ہے حالانکہ بہترین کارکردگی کے باوجود ٹیم میں سوریہ کمار کی جگہ مستقل نہیں ہوسکی ہے جس پر انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی پوزیشن پر بلے بازی کرسکتے ہیں۔ Suryakumar Yadav on Batting Position
سوریہ کمار چوتھے نمبر پر بلے بازی کے لیے آئے، انھوں نے بہترین شاٹس کھیلے اور چھ چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔ سوریہ کمار نے میچ کے بعد کہا، ’’میں کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کرسکتا ہوں، آپ جو بھی نمبر کہیں گے۔ میں نے کوچ اور کپتان سے کہا ہے کہ مجھے کسی بھی نمبر پر بلے بازی کے لیے بھیجیں اور بس مجھے کھیلنے کا موقع ضرور دیں۔
نائب کپتان کے ایل راہل چوٹ سے واپسی کر رہے ہیں، لیکن وہ اب تک ٹورنامنٹ میں کچھ خاص نہیں کرسکے ہیں۔ انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف 39 گیندوں میں 36 رنز بنائے۔ جب سوریہ کمار سے پوچھا گیا کہ کیا وہ روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے، تو انہوں نے کہا، ’’تو آپ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں کے ایل راہل کو نہیں کھلانا چاہیے۔ وہ انجری کے بعد واپسی کررہے ہیں اور انہیں کچھ وقت درکار ہے اور ہمارے پاس ابھی وقت ہے۔