دبئی:ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں سری لنکا کی جیت کے ہیرو بھانوکا راج پکشے نے کہاکہ پاکستان کے خلاف کھیلی گئی اننگز ان کے کیریئر کی بہترین اننگز میں سے ایک تھی۔ پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے 58 رن پر پانچ وکٹیں گنوائیں، لیکن راج پکشے ٹیم کو پریشانی سے نکالنے والے بن کر ابھرے، انہوں نے 45 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 71 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ Asia Cup hero Rajapaksa
راج پکشے نے وینندو ہسرنگا کے ساتھ 58 رن اور چمیکا کرونارتنے کے ساتھ 54 رن کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو 170 رن تک پہنچایا۔ سری لنکا نے راج پکشے کی بے مثال بلے بازی کی بدولت آخری پانچ اوور میں 53 رن جوڑے جو بعد میں فیصلہ کن ثابت ہوئے۔ راج پکشے نے کہاکہ "یہ یقیناً ایک شاندار لمحہ ہے۔ یہ میری بہترین اننگز میں سے ایک ہے، جو میں نے بہت کم وقت میں کھیلی ہے۔ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے تھے کہ دو دہائیاں قبل ہماری ٹیم میں جو جارحیت تھی وہ آج بھی برقرار ہے۔ ہم نے ایک ٹیم کے طور پر یہ کام بخوبی انجام دیا ہے۔ اب ہم (ٹی 20) ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں اور اس لے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔"
راج پکشے نے کہاکہ "یہ جیت بحیثیت قوم خاص ہے، کیونکہ ملک اس وقت بحران کے دور سے گزر رہا ہے۔ سری لنکا کے لوگوں کے لیے یہ مشکل وقت ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم اہل وطن کے چہروں پر مسکراہٹ لانے میں کامیاب ہوسکیں گے۔ سری لنکا کو چھٹا ایشیا کپ خطاب دلانے والے کپتان داسن شناکا نے کہاکہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں افغانستان کے ہاتھوں آٹھ وکٹوں کی مایوس کن شکست کے بعد ٹیم نے بہت غور وخوض کیا تھا جس کے نتائج سامنے آئے۔
شناکا نے کہاکہ ’’پہلی شکست کے بعد ہم نے سنجیدہ بات چیت کی۔ ہم جانتے تھے کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ ہے جس کا ہمیں میدان میں کارکردگی میں بدلنا ہے۔ کھلاڑیوں نے ذمہ داری نبھائی اور سب نے فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔ ہم نے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر یہ ماحول تیار کیا ہے۔