کانپور: سری لنکا لیجنڈز نے سنتھ جے سوریا (3 رن پر چار وکٹ ) کی جارحانہ گیند بازی کے بعد بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت منگل کو انگلینڈ لیجنڈز کو سات وکٹوں سے شکست دیکر روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز 2022 میں اپنی مسلسل دوسری جیت درج کی۔ روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز کا انعقاد روڈ سیفٹی کے بارے میں بیداری پیدا کرنےکے لیے کیا جا رہا ہے۔ Sri Lanka Legends vs England Legends
اس سیزن میں سری لنکا لیجنڈز کی دو میچوں میں یہ مسلسل دوسری جیت ہے۔ ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا لیجنڈز کو 38 رن سے شکست دی تھی۔ سری لنکا لیجنڈز اب پوائنٹس ٹیبل پر دو میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ انگلینڈ لیجنڈز کو اس سیزن میں پہلے ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سری لنکا لیجنڈز نے ٹاس جیتنے کے بعد انگلینڈ کو 19 اوورز میں 78 رن پر آؤٹ کر دیا اور پھر ہدف کا تعاقب باآسانی 14.3 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر کر لیا۔ سری لنکن لیجنڈز کی جانب سے دلشان منویرا نے 24، اپل تھرنگا نے 23، کپتان تلکارتنے دلشان نے 15 اور جیون مینڈس نے آٹھ رن بنائے۔ انگلینڈ لیجنڈز کی جانب سے دیمتری مسکرینز، اسٹیون پیری اور کرس اسکوفیلڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
اس سے قبل سری لنکا لیجنڈز نے ٹاس جیت کر انگلینڈ لیجنڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ سنتھ جے سوریہ کی اسپن کے سامنے انگلینڈ کے لیجنڈ بلے باز کچھ خاص نہ کر سکے اور 19 اوور میں 78 رن پر ڈھیر ہو گئے۔ انگلینڈ لیجنڈز کی جانب سے کپتان ایان بیل 15 رن بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کے علاوہ فل مسٹرڈ نے 14 اور کرس اسکوفیلڈ نے 10 ناٹ آؤٹ جبکہ اسٹیون پیری نے 10 رن بنائے۔ اس کے علاوہ کوئی اور بلے باز ڈبل فیگر تک نہ پہنچ سکا۔