دبئی: سری لنکا نے پاتھم نسنکا (52) اور کسل مینڈس (57) کی نصف سنچریوں کے بعد داسن شناکا (ناٹ آؤٹ 33) بھانوکا راجاپاکسے (ناٹ آؤٹ 25) کی بیش قیمتی اننگز کی بدولت بھارت کو ایشیا کپ 2022 کے سپر-4 میچ میں منگل کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ بھارت نے سری لنکا کو 20 اوورز میں 174 رنوں کا ہدف دیا تھا جو اس نے 19.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔ Sri Lanka Beat India in Asia Cup 2022
سری لنکا کو آخری اووروں میں سات رنز درکار تھے۔ ارشدیپ سنگھ نے بہترین کوشش کرتے ہوئے پہلی چار گیندوں پر صرف پانچ رنز دیے، لیکن پانچویں گیند پر اوور تھرو کی وجہ سے سری لنکائی بلے بازوں نے دو رن دوڑ کر جیت حاصل کی۔ سپر-4 کے اپنے پہلے دونوں میچ ہارنے کے بعد روہت شرما کی ٹیم اب ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے دوسری ٹیموں پر منحصر ہے۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارت نے 13 رنز پر دو وکٹ گنوا دیے تھے، جس کے بعد روہت نے کپتانی اننگ کھیلتے ہوئے 41 گیندوں میں پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 72 رن بنائے۔ روہت نے سوریہ کمار یادو (34) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 97 رنز جوڑے، حالانکہ اس کے علاوہ بھارت کی جانب سے کوئی بڑی شراکت داری نہیں ہوئی۔
کے ایل راہل نے اننگ کا آغاز کرتے ہوئے سات گیندوں میں چھ رن بنائے۔ گزشتہ میچ میں پاکستان کے خلاف 60 رنز بنانے والے وراٹ کوہلی اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے اور دلشان مدوشنکا کی گیند پربولڈ ہوگئے۔ اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا اور رشبھ پنت نے 17-17 رنز بنائے۔ ٹیم میں واپسی کرنے والے ، روی چندرن اشون نے آخرمیں سات گیندوں میں 15 رن بنا کر ٹیم کو 20 اوورز میں 173/8 رنز تک پہنچایا۔ سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے چار اوورز میں 24 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ چمکا کرونارتنے نے چار اوورز میں 27 رن دے کر دو وکٹ اپنے نام کیا۔ شناکا نے دو اوورز میں 26 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کے سلامی بلے بازوں نے 174 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم کو دھماکہ خیز آغاز فراہم کیا اور نسانکا-مینڈس کی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 67 گیندوں میں 93 رنز جوڑے۔ نسانکا نے 37 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 52 رن بنائے جبکہ مینڈس نے 37 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 57 رنوں کی اننگ کھیلی۔