ممبئی:بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے پیر کو ممبئی میں 141 ویں آئی او سی سیشن میں لاس اینجلس 2028 اولمپک گیمز میں کرکٹ کو شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ بیس بال-سافٹ بال، فلیگ فٹ بال، لیکروس اور اسکواش کے ساتھ ساتھ، کرکٹ بھی ان پانچ اضافی کھیلوں میں سے ایک تھا جو لاس اینجلس میں 2028 کے اولمپک گیمز میں شامل کرنے کے لیے ایل اے 28 کی آرگنائزنگ کمیٹی نے تجویز کئے تھے۔
ایک صدی سے زائد وقفے کے بعد اولمپک گیمز میں کرکٹ کی واپسی کا کھلاڑیوں کی جانب سے دل سے خیر مقدم کیا گیا۔ مداحوں اور مشہور کھلاڑیوں سے لے کر بالی ووڈ کے سپر اسٹارز تک تمام نے آئی او سی کے فیصلے کی تعریف کی۔
ہندوستانی جیولین تھرو اسٹار نیرج چوپڑا نے کہاکہ یہ ہندوستان کے لئے بہت اچھی خبر ہے کیونکہ ہمارے پاس ایک عظیم کرکٹ ٹیم ہے اور کچھ شاندار اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی ہیں جن میں بہت زیادہ صلاحیت ہے۔ اس سے کرکٹ کو بھی فائدہ ہوگا، کیونکہ اولمپکس میں اس کی شمولیت سے پوری دنیا میں اس کے لیے دلچسپی بڑھے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ایل اے 28 میں گیم کی شمولیت سے کرکٹ کو عالمی سطح پر وسعت دینے کا موقع ملے گا اور مزید ممالک کو اس کھیل کو سنجیدگی سے لینے کی ترغیب ملے گی۔ہندوستانی ہاکی اسٹار پی آر سریجیش نے کہاکہ یہ کرکٹرز کے لیے ایک ایتھلیٹ کی زندگی کو جاننے کا موقع ہے۔ وہ عام طور پر بہترین مقامات کا سفر کرتے ہیں اور پرتعیش ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں۔ لیکن جب وہ اولمپک ولیج پہنچیں گے تو وہ بہت سے اولمپیئنز، میڈل جیتنے والے اور لیجنڈری بین الاقوامی کھلاڑی نظر آئیں گے۔ اس لیے یہ ان کے لیے بہت اچھا تجربہ ہوگا۔‘
بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پادوکون نے کہا کہ میں اداکارہ بننے سے پہلے ایتھلیٹ تھی اور کھیل میرے ڈی این اے میں ہے۔ کرکٹ ہندوستان میں ایک مذہب کی طرح ہے اور اس لیے یہ واقعی دلچسپ ہے۔ خیال رہے دیپیکا ہندوستانی بیڈمنٹن لیجنڈ پرکاش پادوکون کی بیٹی ہیں۔ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق فاسٹ بولر جھولن گوسوامی نے کہا کہ بطور کرکٹر ہم ہمیشہ ورلڈ کپ کی تیاری کرتے ہیں لیکن اب اولمپکس بھی ہوں گے۔