اردو

urdu

ETV Bharat / sports

Ind vs SA: جنوبی افریقہ پھرکی میں پھنسی، بھارت نے سیریز 2-1 سے جیت لی - بھارتی اسپن گیند بازوں کی شاندار کارکردگی

بھارت نے اسپن گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد شبمن گل کی 49 رن کی اننگز کی بدولت منگل کو تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کرسیریز 2-1 سے جیت لی۔Ind vs SA

Etv Bharat
Etv Bharat

By

Published : Oct 11, 2022, 9:57 PM IST

نئی دہلی: بھارتی اسپن گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد شبمن گل کی 49 رن کی اننگز کی بدولت منگل کو تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم 99 رن پر سمٹ گئی جس کے بعد بھارت نے 100 رن کا ہدف 19.1 اووروں میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔Ind vs SA

بھارت کے لیے اسپنروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ کلدیپ یادیو نے چار جبکہ شہباز احمد اور واشنگٹن سندر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد سراج نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔ گل نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 57 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 49 رن بنائے، حالانکہ وہ ون ڈے کرکٹ میں اپنی چوتھی ففٹی سے محروم رہے اور ہدف سے صرف تین رن کی دوری پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد شریاس ایئر نے چھکا لگا کر ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔

بھارت نے ٹاس جیت کرگیندبازی کا فیصلہ کیا اور اسپنر شروع سے ہی جنوبی افریقہ پر حاوی رہے۔ سندر نے اننگز کے تیسرے اوور میں اوپنر کوئنٹن ڈی کاک کو چھ رن پر آوٹ کردیا۔محمد سراج نے ینیمان ملان (15) اور ریزا ہینڈرکس (03) کی وکٹیں حاصل کیں لیکن اس کے بعد کی اننگز مکمل طور پر اسپنروں کے نام رہی۔ شہباز نے ایڈن مارکرم کو نو رن پر آؤٹ کیا جبکہ سندر نے کپتان ڈیوڈ ملر کو سات رن پر بولڈ کیا۔ ہینرک کلاسن نے جنوبی افریقہ کو باعزت اسکور تک لے جانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 42 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 34 رن بنانے کے بعد شہباز کا شکار ہو گئے۔

کلدیپ (18/4) نے 26 ویں اوور میں بغیر کوئی رن دیئے بیون فورٹن اور آنرک نارکھیا کی وکٹیں لیں۔ جنوبی افریقہ کے آٹھ بلے باز دوہرے ہندسے کو نہ چھو سکے اور مارکو جانسن (14) کی وکٹ گرنے کے ساتھ ہی پروٹیاز کی اننگز 27.1 اووروں میں 99 رن پر سمٹ گئی۔ یہ بھارت کے خلاف جنوبی افریقہ کا سب سے کم اور ون ڈے کرکٹ میں ان کا چوتھا کم ترین اسکور ہے۔

بھارت نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تیز شروعات کی اور گل نے شیکھر دھون کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے چھ اووروں میں 42 رن جوڑے۔ دھون تاہم بدقسمتی سے آٹھ رن کے ذاتی اسکور پر رن ​​آؤٹ ہو گئے۔ دھون تین میچوں کی سیریز میں چار، 13 اور آٹھ کے ذاتی اسکور کے ساتھ صرف 25 رن ہی جوڑ سکے۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے آئے کشن (10) نے دو چوکے لگائے لیکن فورٹین نے انہیں وکٹ کیپر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

اس کے بعد وکٹ پر آنے والے ائیر نے گل کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 39 رن کی شراکت داری کی۔ جب ہندوستان کو تین رن درکار تھے، گل 49 کے اسکور پر لنگی نگیڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ائیر نے چھکا لگا کر ہندوستان کو فتح دلائی۔ ائیر نے 23 گیندوں میں 28 رن کی ناٹ آوٹ اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ سنجو سیمسن دو رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ون ڈے سیریز 2-1 سے جیت لی۔

یہ بھی پڑھیں: India vs South Africa 3rd ODI جنوبی افریقہ 99 پر آل آوٹ

یواین آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details