گوہاٹی: ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان روہت شرما اور راہل نے بھارت کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 59 گیندوں میں 96 رنز کی شراکت کی۔
سلامی بلے باز پہلے دو اوورز میں وقت لینے کے بعد تیسرے اوور سے حملہ آور ہوئے اور بھارت نے پاور پلے میں 57 رنز جوڑے۔ روہت اور راہل کی جوڑی نے ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ (15) نصف سنچری شراکت کی ہے۔ راہل نے 28 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے جبکہ روہت نے 37 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 43 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اوپننگ جوڑی میچ کو پروٹیز سے دور لے جا رہی تھی لیکن کیشو مہاراج نے دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کر دیا۔
جنوبی افریقہ نے پہلے دو بلے بازوں کو آوٹ کرنے کے بعد سانس بھی نہیں لی تھی کہ سوریہ کمار اور وراٹ کی جوڑی نے تیز رفتار انداز میں رنز بنانا شروع کر دیے۔ دونوں کے درمیان 42 گیندوں پر 102 رنز کی دھماکہ خیز شراکت ہوئی۔ سوریہ کمار نے 22 گیندوں پر پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کے ساتھ 61 رنوں کی ناقابل یقین اننگ کھیلی اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے کم گیندوں (573) میں 1000 رنز مکمل کرنے والے بلے باز بن گئے۔