کلکتہ: بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر اور سابق کپتان سورو گنگولی نے ہفتہ کو اپنے مداحوں سے کہا کہ وہ 'وقت کی کمی' کی وجہ سے لیجنڈز لیگ میں نہیں کھیل پائیں گے۔ گنگولی نے یو این آئی کو بتایاکہ 'میں نے لیگ سے اپنا نام واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میرے اور وعدے ہیں، اس لیے مجھے لیگ میں حصہ لینے کا وقت نہیں مل رہا ہے۔'
گنگولی 16 ستمبر کو ایڈن گارڈنز میں ہونے والے انڈیا مہاراجہ اور ورلڈ الیون کے درمیان نمائشی میچ میں شرکت کرنے والے تھے۔انہیں مہاراجہ کا کپتان منتخب کیا گیا تھا۔ اب ان کی غیر موجودگی میں ہندوستان کے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کو ٹیم کی کمان سونپی گئی ہے۔ دوسری جانب ورلڈ الیون کی قیادت انگلینڈ کے سابق لمیٹڈ اوورز کپتان ایون مورگن کر رہے ہیں۔