دبئی: زمبابوے دورے میں اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت مین آف دی سیریز کا خطاب جیت کر شائقین کا دل جیتنے والے نوجوان شبھمن گل کو ان کی عمدہ کارکردگی کا انعام ملا اور انہوں نے بدھ کو جاری کردہ تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 45 درجے کی چھلانگ لگا ئی ہے۔ICC ODI Rankings
شبھمن گل نے ہرارے میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میچ میں اس فارمیٹ میں اپنی پہلی سنچری (97 گیندوں پر 130 رنز) بنائی تھی اور ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد سے اب تک ان کی کارکردگی میں کافی حد تک بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ اس دوران سابق بھارتی کپتان وراٹ کوہلی 744 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر برقرار ہیں۔ انہیں دورہ زمبابوے کے دوران آرام دیا گیا تھا۔
کپتان روہت شرما بھی چھٹے نمبر پر برقرار ہیں۔ انہیں بھی زمبابوے دورے کے دوران آرام دیا گیا تھا۔ تجربہ کار اوپنر شکھر دھون زمبابوے کے خلاف تین میچوں میں 154 رنز بنانے کے باوجود ایک مقام کھسک کر 12 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے پہلے اور تیسرے ون ڈے میں نصف سنچریاں بنائیں۔ لیکن بڑی چھلانگ شبھمن گل نے لگائی ہے جو 45 درجے چڑھ کر 38 ویں نمبر کے بلے باز بن گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 3 پوزیشنز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقہ کے رسی ون ڈرڈوسن دوسرے اور کوئنٹن ڈی کوک تیسرے نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ ٹی-20 میں بلے بازوں کی رینکنگ میں بھی پاکستانی کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ ٹیم انڈیا کے سوریا کمار یادیو دوسرے اور پاکستان کے محمد رضوان تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔