حیدرآباد: بھارت کو ون ڈے سیریز سے پہلے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ شریاس ائیر چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی جگہ رجت پاٹیدار کو متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ائیر کمر کی چوٹ کی وجہ سے سیریز سے باہر ہیں۔ اب وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) جائیں گے اور اپنا علاج کرائیں گے۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے ایک بیان میں کہاکہ "ٹیم انڈیا کے بلے باز شریاس ائیر کو کمر کی چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ 3 میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر کردیا گیا ہے۔" رجت پاٹیدار، جو ڈومیسٹک سرکٹ میں مدھیہ پردیش اور انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے کھیلتے ہیں، انہیں شریاس کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پاٹیدار اس سے قبل پچھلی کچھ سیریز میں ون ڈے ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 18 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت کے خلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔ ابھی حال ہی میں، بھارت نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار فتح کامیابی حاصل کی۔