نئی دہلی:لیجنڈری سچن تندولکر، وراٹ کوہلی اور دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو سمیت بھارت کے سرفہرست کھیلوں کے ستارے، مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر 'بلیو ٹک' کھو چکے ہیں جو ان کی شناخت کی تصدیق کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نقالی اور 'اسپام' سے بچنے کے لیے صحافیوں، سرکاری اہلکاروں اور مشہور شخصیات کو بلیو ٹِکس مفت فراہم کیا جاتا تھا۔ تاہم، ٹوئٹر نے جمعرات کو ان اکاؤنٹس سے بلیو ٹِکس ہٹا دی ہیں جو سروس کے لیے ماہانہ سبسکرپشن ادا نہیں کرتے ہیں۔
ٹویٹر کو گزشتہ برس ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے خریدا تھا۔ ٹویٹر نے بدھ کو اپنے تصدیق شدہ آفیشل اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیاکہ "ہم کل 20 اپریل سے تصدیق شدہ چیک مارکس (بلیو ٹِکس) کو ہٹا رہے ہیں۔" تندولکر، کوہلی اور سندھو کے علاوہ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان مہندر سنگھ دھونی، موجودہ کپتان روہت شرما، اولمپک تمغہ جیتنے والی سائنا نہوال، نیرج چوپڑا اور بجرنگ پونیا، پہلوان ونیش پھوگاٹ، دو بار کی عالمی باکسنگ چیمپئن نکہت زرین، ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا، بھارت فٹ بال ٹیم کے کپتان سنیل چھتری، مردوں کی ہاکی ٹیم کے گول کیپر پی آر سریجیش سمیت کئی بھارتی کھلاڑی بلیو ٹک کھو چکے ہیں۔ اگر ہم ٹویٹر پر وراٹ کوہلی کے فالوورز کی بات کریں تو انہیں 55.1 ملین لوگ فالو کرتے ہیں۔ جب کہ 38.6 ملین لوگ سچن کو فالو کرتے ہیں اور 8.5 ملین لوگ ایم ایس دھونی کو ٹویٹر پر فالو کرتے ہیں۔