ممبئی:سلامی بلے باز رتوراج گایکواڑ کو کلائی کی چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف جمعہ سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے بھارتی ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔ کرک بز نے بھارت کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی) کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ رتوراج کی چوٹ کی شدت کا پتہ لگانے کے لیے بنگلورو کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹیسٹ کیا گیا جس کے بعد انہیں آئندہ ٹی 20 سیریز کے لیے ان فٹ قرار دے دیا گیا۔ گائیکواڑ نے آخری بار حیدرآباد کے خلاف مہاراشٹر کے لئے رنجی ٹرافی میچ کھیلا تھا جہاں انہوں نے پہلی اننگز میں آٹھ رن بنائے تھے اور دوسری میں صفر۔ انہوں نے بعد میں بی سی سی آئی کو اپنی کلائی کی حالت کے بارے میں بتایا۔
یہ دوسری بار ہے جب گائکواڑ کو کلائی میں تکلیف ہوئی ہے۔ وہ گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف اسی طرح کی چوٹ کی وجہ سے ٹی 20سیریز نہیں کھیل پائے تھے۔ گزشتہ سال کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعدوہ ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہو گئے تھے۔ گائیکواڑ کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے پرتھوی شا کی بھارتی ٹیم میں واپسی کا امکان بڑھ گیا ہے۔ دریں اثنا، بی سی سی آئی با رڈر-گواسکر سیریز کے لیے یکم فروری کو رویندر جڈیجہ کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ گھٹنے کی چوٹ سے ٹھیک ہونے کے بعد چنئی میں رنجی ٹرافی میں سوراشٹرا کی قیادت کر رہے جڈیجہ کا مستقبل تمل ناڈو کے خلاف ان کی کارکردگی پر منحصر ہوگا۔