دبئی:قابل ذکر ہے کہ 10 اکتوبر کو جاری کی گئی رینکنگ میں روہت 11 ویں نمبر پر تھے۔ روہت شرما تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں اور تین ہندوستانی بلے باز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ کے ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ موجودہ رینکنگ میں شبھمن گل دوسرے نمبر پر، روہت شرما چھٹے اور وراٹ کوہلی نویں نمبر پر ہیں۔ اس کے علاوہ روہت شرما اس وقت ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ 10 میں موجود واحد ہندوستانی ہیں۔
بدھ کو آئی سی سی کی ایک میڈیا ریلیز کے مطابق تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق کوئنٹن ڈی کاک، روہت شرما اور ٹرینٹ بولٹ نے مردوں کی ون ڈے رینکنگ میں چھلانگ لگا دی ہے۔ جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈی کاک نے ٹورنامنٹ کا آغاز مسلسل دو سنچریوں کے ساتھ کیا لیکن گزشتہ روز ہالینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں 20 رن پر آؤٹ ہونے کے بعد ٹاپ پوزیشن کے قریب جانے کا موقع گنوا دیا۔ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز اس کے باوجود ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں تین درجے اوپر پہنچ کر تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
افغانستان کے خلاف 131 رن اور روایتی حریف پاکستان کے خلاف 63 گیندوں میں 86 رن بنانے کے بعد روہت پانچ مقام کی چھلانگ لگا کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز (19 درجے ترقی کر کے 18 ویں نمبر پر) اور نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز (16 درجے ترقی کر کے 27 ویں نمبر پر) بھی شاندار اننگز کے بعد بیٹنگ رینکنگ میں بہتری لائے۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے 836 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں اپنی برتری کو 18 پوائنٹس سے بہتر کیا ہے۔
ہندستان کے نوجوان کھلاڑی شبھمن گل بیماری پر قابو پانے کے بعد پاکستان کے خلاف 12 رن سے کرکٹ ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرنے کے بعد دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف شاندار بولنگ کے بعد نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بولٹ ون ڈے بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بولٹ نے بنگلہ دیش کے خلاف 45 رن کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے توحید ہردوئے کو آؤٹ کر کے ون ڈے میں اپنی 200ویں وکٹ بھی حاصل کی۔