افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے 23 سال کی کم عمر میں ہی کرکٹ میں بڑا مقام حاصل کرلیا ہے۔ وہ ٹی 20 فارمیٹ کے سب سے شاندار گیند بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔
راشد خان پوری دنیا کی ٹی 20 کرکٹ لیگ میں کھیلتے ہیں۔ اس میں آئی پی ایل، بگ بیش لیگ، پاکستان سُپر لیگ، کیربین پریمیئر لیگ کے علاوہ انگلینڈ کی ٹی 20 لیگ شامل ہیں۔
راشد خان افغان کرکٹر اور افغانستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان ہیں جبکہ فرنچائزیز لیگ میں وہ انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرز حیدرآباد، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز، پاکستان سُپر لیگ میں لاہور قلندرز اور افغانستان میں بندِ عامر ڈریگنز کے لیے کھیلتے ہیں۔
ایک چھوٹے ملک کے اس بڑے کھلاڑی نے پوری دنیا میں اپنی کامیابی کے پرچم لہرائے ہیں۔ راشد خان کی کامیابی کے پیچھے جدوجہد کی طویل داستان ہے اور ان کی مشکلات دیگر کرکٹرز ے مقابلے زیادہ نظر آتی ہیں۔
راشد خان کی پیدائش سنہ 1998 میں مشرقی افغانستان کے ننگرہار صوبے میں ہوئی۔ ان کے دس بھائی بہن ہیں۔ بچپن میں ہی ان کے اہل خانہ کو افغانستان کے کشیدہ حالات کے پیش نظر ملک چھوڑنا پڑا اور وہ کئی سال تک پاکستان میں مقیم رہے۔ بعد میں وہ سب افغانستان واپس گئے۔ راشد خان اپنے بھائیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔
اپنی بہترین گیند بازی اور گُگلی سے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے اس افغان کرکٹر کا آئیڈل اور ہیرو ہمیشہ سے ہی پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی رہے ہیں۔