حیدرآباد: راجستھان رائلز نے جوس بٹلر (54)، یشسوی جیسوال (54) اور سنجو سیمسن (55) کی شاندار نصف سنچریوں کے بعد یوزویندر چہل (17/4) کی شاندار گیند بازی کی بدولت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اتوار کے روزسن رائزرز حیدرآباد کو 72 رنز سے شکست دی۔دفاعی رنر اپ رائلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 203 رنز بنائے۔ جواب میں سن رائزرز صرف 131 رنز ہی بناسکی۔گزشتہ آئی پی ایل کے ٹاپ اسکورر رہے بٹلر کی بلے بازی میں ذرابھی تبدیلی نہیں آئی اورانہوں نے22 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ جیسوال نے 54 (37) جبکہ سیمسن نے 55 (32) رنوں کی اننگ کھیلی۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سن رائزرز نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں گنوادیں اور اس کے بعد میزبان ٹیم واپسی نہ کرسکی۔ چہل نے رائلز کے لیے بہترین گیند بازی کی اور چار اوورز میں 17 رنز دے کر چار وکٹیں لے کر سن رائزرز کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ سن رائزرز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا انتخاب کیا لیکن راجستھان کے بلے باز پہلی ہی گیند سے حاوی رہے۔ اوپنرز بٹلر اور جیسوال نے تیزی سے رن بناتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 35 گیندوں میں 85 رنز جوڑلئے۔ یہ پاور پلے میں رائلز کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ بٹلر نے اس میں 22 گیند پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رنزکا تعاون دیا۔
فضل حق فاروقی نے پاور پلے ختم ہونے سے پہلے بٹلر کوپویلین بھیج دیا، لیکن سن رائزرز پھر سیمسن اور جیسوال کی زد میں آگئے۔ سیمسن-جیسوال نے دوسرے وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت داری کی۔ جیسوال نے 34 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، حالانکہ وہ بھی 54 رنز بنانے کے بعد فاروقی کا شکار ہو گئے۔ جیسوال کے آؤٹ ہونے کے بعد سن رائزرز مخالف ٹیم کے رن ریٹ کو کچھ حد تک روکنے میں کامیاب رہے۔ عمران ملک نے دیودت پڈیکل کو دو رنز پر بولڈ کیا جبکہ ریان پراگ سات رنز بنانے کے بعد ٹی نٹراجن کا شکار بنے۔
اس دوران سیمسن نے اپنی نصف سنچری مکمل کر کے رائلز کی اننگز کو مضبوط کیا۔ انہوں نے 32 گیندوں میں تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔سن رائزرز نے آخری چار اوورز میں سیمسن کو آؤٹ کرتے ہوئے اچھی گیندبازی کی، لیکن شمرون ہیٹمائر (16 گیند، 22 رن) کی مدد سے رائلز 200 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔فاروقی (4 اوور، 41 رنز) اور نٹراجن (3 اوور، 23 رنز) نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عمران (3 اوور، 32 رنز) نے ایک وکٹ لیا۔