پونے: تیز گیند باز کلدیپ سین (20 رن پر 4) اور آف اسپنر روی چندرن اشون (17 رن پر 3وکٹ) کی بہترین گیندبازی کی بدولت راجستھان رائلز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو کم اسکور والے میچ میں 29 رن سے شکست دے دی۔ راجستھان کی آٹھ میچوں میں یہ چھٹی جیت ہے اور وہ ٹیبل میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ریان پراگ کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ Rajasthan Royals beat Royal Challengers Bangalore by 29 runs
بنگلورو نے محمد سراج، جوش ہیزل ووڈ اور وینندو ہسرنگا کے دو دو وکٹوں کی بدولت راجستھان رائلز کو مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹ پر 144 رن پر روک دیا تھا لیکن بنگلورو کے بلے باز اس چھوٹے ہدف کو حاصل نہ کر سکے اور بنگلور کی ٹیم 19.3 اوورز میں 115 رن پر سمٹ گئی۔ اس طرح بنگلورو کو نو میچوں میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلورو نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے گیند بازوں نے اس فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے راجستھان کے تین وکٹ 4.1 اوور میں 33 کے اسکور تک گرادئے۔ Rajasthan Royals vs Royal Challengers Bangalore
ان تین وکٹوں میں ٹورنامنٹ میں تین سنچریاں لگاچکے جوس بٹلر کا وکٹ بھی شامل تھا جو آٹھ رن بناکر ہیزل ووڈ کا شکار بنے۔ محمد سراج نے بٹلر کا کیچ لیا۔ سراج نے اس سے قبل دیودت پاڈیکل اور روی چندرن اشون کا وکٹ بھی لیاتھا۔ کپتان سنجو سیمسن 21 گیندوں میں 27 رنز بنا کر ہسرنگا کی گیند پر10ویں اوور میں بولڈ ہوئے۔ نوجوان بلے باز ریان پراگ نے 31 گیندوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 56 رن بنا کر راجستھان کو 144 تک پہنچایا۔ پراگ نے ہرشل پٹیل کی اننگ کے آخری اوور میں دو چھکے اور ایک چوکا لگا کر 18 رنز بنائے۔