ممبئی: راجستھان رائلز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو اتوار کو آئی پی ایل میچ میں 24 رنوں سے شکست دے کر پلے آف کی دہلیز پر پہنچ گیا۔ راجستھان نے 20 اوورز میں چھ وکٹ پر 178 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور لکھنؤ کو آٹھ وکٹ پر 154 رنز پر روک دیا۔ راجستھان 13 میچوں میں 8ویں جیت اور 16 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جب کہ لکھنؤ 13 میچوں میں پانچویں ہار کے بعد 16 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر کھسک گیا ہے۔ Rajasthan Royals Beat Lucknow Super Giants by 24 runs
راجستھان رائلز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اپنے ٹاپ بلے باز جوس بٹلر کو صرف 11 رن پر کھودیا۔ بٹلر صرف دو رن بنا سکے۔ لیکن یشسوی جیسوال نے 29 گیندوں پر 41رن، کپتان سنجو سیمسن نے 24 گیندوں پر 32، دیودت پڈیکل نے 18 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 39، ریان پراگ نے 16 گیندوں پر 19 اور جمی نیشم نے 12 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔ روی چندرن اشون نے سات گیندوں پر ناٹ آؤٹ 10 اور ٹرینٹ بولٹ نے نو گیندوں پر ناٹ آؤٹ 17 رن بنا کر راجستھان کو فائٹنگ اسکور تک پہنچایا جو آخر میں فاتح ثابت ہوا ہے۔
179رنز کے ہدف کے تعاقب میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی شروعات خراب رہی۔ ڈی کاک اور کپتان کے ایل راہل نے ٹیم کی اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم ڈی کاک ایک بار پھر اپنے بلے سے رنز بنانے میں ناکام رہے۔ گیند باز ٹرینٹ بولٹ نے انہیں اپنی گیند پر شکار بنا کر جیمز کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ اس دوران ڈی کاک 8 گیندوں میں صرف 7 رنز بنا سکے۔ ان کے بعد آیوش بداونی کریز پر آئے۔ لیکن بداونی بھی بولٹ کی دوسری گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے اور صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد دیپک ہڈا کریز پر آئے۔
کے ایل راہل بھی کچھ خاص نہیں کر سکے اور پرشدھ کرشنا کے اوور میں جیسوال کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ راہل 19 گیندوں میں 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ راہل کے آؤٹ ہونے کے بعد کرونل پانڈیا کریز پر آئے۔ پاور پلے کے دوران ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 34 رنز بنائے۔ چھ اوورز کے بعد، پانڈیا اور ہڈا کے درمیان اچھا تال میل تھا، جس میں دونوں بلے بازوں نے 46 گیندوں میں 65 رنز کی شراکت داری کی۔ بولر آر اشون نے دونوں بلے بازوں کے درمیان شراکت کو توڑنے کا کام کیا۔ اس دوران بٹلر نے ایک شاندار کیچ لیا جس میں پانڈیا نے گیند پر چھکا لگانے کی کوشش کی لیکن بٹلر نے باؤنڈری پر جا کر کیچ لے کر گیند ریان پراگ کی طرف پھینکی جسے پراگ نے کیچ کر کے پانڈیا کو پویلین واپس بھیج دیا۔