یشسوی جیسوال (59) کی نصف سنچری اور روی چندرن اشون کے 40 ناٹ آؤٹ کی مدد سے راجستھان رائلز نے جمعہ کو چنئی سپر کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل کی ٹاپ دو ٹیموں میں جگہ بنالی۔
چنئی معین علی کی 93 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود 20 اوور میں چھ وکٹ پر 150 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی، جبکہ راجستھان نے 19.4 اوور میں پانچ وکٹ پر 151 رنز بنائے۔ یہ راجستھان کی 14 میچوں میں نویں جیت تھی اور اس نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو تیسرے نمبر پر دھکیل کر دوسرا مقام حاصل کرلیا۔
Rajasthan Royals Beat Chennai Super Kings to Qualify for Playoffs in Top 2
چنئی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاور پلے میں طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے چنئی نے چھ اووروں میں 75 رنز بنائے لیکن اس کے بعد چنئی کی رفتار کم ہوگئی اور ٹیم اگلے 14 اووروں میں صرف 75 رنز ہی بنا سکی۔ معین نے پاور پلے میں زبردست رفتار سے بیٹنگ کی اور اس دوران انہوں نے ٹرینٹ بولٹ کے ایک اوور میں ایک چھکا اور پانچ چوکے لگائے۔ اس اوور میں 26 رنز بنے۔ معین نے سیزن کی دوسری تیز ترین نصف سنچری 19 گیندوں میں اسکور کی لیکن اس کے بعد وہ بھی سست ہوگئے۔ معین نے 57 گیندوں پر 93 رنز میں 13 چوکے اور تین چھکے لگائے۔
کپتان مہندر سنگھ دھونی کو وکٹ کیپر سنجو سیمسن سے دو زندگیاں ملیں لیکن وہ اس کا زیادہ فائدہ نہ اٹھا سکے اور 28 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز ہی بنا سکے۔ ڈیون کونوے نے 16 رنز بنائے۔
پاور پلے کے بعد راجستھان کی ٹیم نے زبردست واپسی کی۔ ان کے کفایتی گیند بازوں نے پہلے کھیل کو سست کیا اور پھر بہت کفایتی بولنگ کی۔ تاہم، ایک بار ایسا محسوس ہوا جیسے پچ تھوڑی سست ہو گئی ہے۔ یوزویندر چہل نے 26 رنز کے عوض دو اور اوبید مکاؤ نے 20 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔