بنگلورو کے کپتان فاف ڈو پلیسس (88) کی دھماکہ خیز نصف سنچری اور سابق کپتان وراٹ کوہلی (41 ناٹ آؤٹ) اور تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک (32ناٹ آؤٹ) کی طوفانی اننگز کی بدولت 20 اوورز میں دو وکٹ پر 205 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ لیکن گیند باز اس بڑے اسکور کا دفاع نہ کر سکے۔ کپتان مینک اگروال نے 32، شکھر دھون نے 43، بھانوکا راجاپکشے نے 43 اور لیام لیونگ اسٹون نے 19 رنز بنائے۔ شاہ رخ خان نے ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 24 اور اوڈن اسمتھ نے صرف آٹھ گیندوں پر ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 25 رنز بنائے اور میچ 19 اوورز میں نمٹا دیا۔
بنگلور کے گیند بازوں نے 22 اضافی رنز دیے جن میں 21 وائیڈز بھی شامل ہیں۔ بنگلور کے گیند باز کسی بھی بلے باز پر کوئی اثر نہیں چھوڑ سکے۔ شاہ رخ اور اسمتھ نے چھٹی وکٹ کے لیے 25 گیندوں میں 52 رنز کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی۔ یہ چوتھا موقع ہے جب بنگلورو 200 سے اوپر کے اسکور کے بعد دفاع نہیں کر پایا ہے۔
اس سے پہلے ٹاس ہارنے کے بعد بنگلورو نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سست لیکن اچھی شروعات کی۔ ٹیم نے پہلے پاور پلے میں کوئی وکٹ نہیں گنوائی۔ کپتان فاف ڈو پلیسس اور نوجوان بلے باز انوج راوت نے پہلی وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت داری کی، جس نے ایک بڑے اسکور کو یقینی بنایا۔