اسلام آباد:پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر مبنی ویڈیو سے عمران خان کو نکالے جانے پر سوشل میڈیا صارفین اور متعدد نامور شخصیات کے شدید ردعمل کا سامنا کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویڈیو ڈیلیٹ کرتے ہوئے نئی ویڈیو جاری کردی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے14 اگست کو ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی جس میں 1952 سے لے کر موجودہ وقت تک کے کرکٹ سے متعلق تاریخی اور یادگار مناظر دکھائے گئے تھے۔لیکن اس پوری ویڈیو میں 1992 میں پاکستان کے لیے واحد کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان غائب تھے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیا اور معافی کا مطالبہ کیا۔یہی نہیں بلکہ ویڈیو سے عمران خان کو نکالنے پر عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم بھی خاصے برہم نظر آئے اور اس ویڈیو کو بڑا دھچکا قرار دیا تھا۔
وسیم اکرم سمیت متعدد نامور شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے کہا تھا کہ ’سیاسی اختلافات سے قطع نظر عمران خان عالمی کرکٹ کے ایک آئیکن ہیں اور انہوں نے اپنے دور میں پاکستان ٹیم کو ایک مضبوط یونٹ کے طور پر پروان چڑھایا۔3 روز تک جاری شدید تنقید کا سامنا کرنے کے بعد آخر کار پاکستان کرکٹ بورڈ کو غلطی کا احساس ہوگیا اور پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری کردیا۔
نئے پرومو میں 1992 ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان کو ٹرافی اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر نئی ویڈیو جاری کرتے ہوئے لکھا کہ پی سی بی نے آئندہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی پروموشن کے لیے ایک مہم شروع کی ہے جس کی ایک ویڈیو 14 اگست 2023 کو اپلوڈ کی گئی تھی۔