میلبورن: اگست اور ستمبر میں ہونے والے زمبابوے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کو آرام دیا جائے گا اور لیگ اسپنر ایڈم جمپا پیٹرنٹی چھٹی کے بعد ٹیم میں واپسی کریں گے۔ آسٹریلیا زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچز 28 اگست، 31 اگست اور 3 ستمبر کو ٹاؤنز ول میں کھیلے گا۔ اس کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز 6، 8 اور 11 ستمبر کو کیرنز میں کھیلے گی۔ Australia vs Zimbabwe ODI series
جمپا نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے لیے سری لنکا کے دورے میں حصہ نہیں لیا تھا۔ دوسری جانب ایشٹن ایگر سری لنکا میں سائیڈ اسٹرین کے باعث آخری چار ون ڈے میچز سے باہر ہونے کے بعد ٹیم میں واپسی کریں گے۔ کمنز نے سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آرام کے بعد پانچ میں سے چار ون ڈے کھیلے تھے۔ سلیکٹرز کی سوچ یہ ہے کہ انہیں ایک مصروف بین الاقوامی شیڈول میں تازہ دم رکھنے کے لیے آرام ملے۔
ان دو سیریز کے بعد آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا اور پھر ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف گھر پر پانچ ٹیسٹ کھیلے گا۔ اس کے بعد اگلے سال بھارت میں چار ٹیسٹ میچوں کا ایک چیلنجنگ دورہ بھی ہوگا۔