واشنگٹن:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے ہمراہ امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی بزنس اسکول سے بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ اسپورٹس (بی ای ایم ایس) کورس مکمل کرلیا۔دونوں کرکٹروں نے سوشل میڈیا پر اس کی اطلاع دی۔ بابراعظم نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ان کے ہمراہ فرینچ مارشل آرٹس کے ماہر فرانسس گانو، نائیجرین مارشل آرٹس کے ماہر کمارو عثمان اور امریکی فٹبالر جیمیز ونسٹن موجود تھے۔
بابر کی تصویر میں پانچ طالب علموں سمیت ان کی خاتون ٹیچر بھی موجود تھیں۔تاہم تصویر کے ساتھ بابر اعظم کے لکھے گئے کیپشن نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔ بابر نے تینوں کھلاڑیوں کو مینشن کیا اور لکھا جب ان جیسے چیمپئنز کرکٹ کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کررہے ہوں تو شاید مجھے اور محمد رضوان کو کوئی اور کھیل کھیلنا شروع کردینا چاہیے۔ساتھ ہی پاکستانی کپتان نے مداحوں سے اس حوالے سے ان کے خیالات کے بارے میں بھی پوچھا۔