لاہور:افغانستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔پاکستان کو افغانستان کے خلاف پہلی مرتبہ سری لنکا میں مختصر فارمیٹ کی سریز کھیلنی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ سے قبل پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز سری لنکا میں 22 اگست سے شروع ہو رہی ہے جس کے لیے پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کی جانب اڑان بھر لی ہے۔
آج پاکستان سے قومی ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان، محمد حارث، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ شفیق، طیب طاہر، آغا سلمان، سعود شکیل، وسیم جونیئر، فہیم اشرف اور شاداب خان سری لنکا کے لیے روانہ ہوگئے۔لنکا پریمیئر لیگ میں شریک پاکستانی کپتان سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑی آج ہمبنٹوٹا میں ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔ افغانستان کے خلاف سیریز اور اس کے بعد 30 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں موجود کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ میں بھرپور مشقیں کیں۔