راولپنڈی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعرات کے روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے اس میچ میں فتح کے ساتھ ایک ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان کی ٹیم بھارت اور آسٹریلیا کے ایک خصوصی کلب کا حصہ بن گئی۔ پاکستان نے بابر اعظم کی کپتانی میں یہ بڑا کارنامہ سرانجام دیا۔ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان سمیت صرف تین ٹیمیں ایسا کر پائی ہیں۔ اس میچ میں پاکستانی سلامی بلے باز فخر زمان نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی نویں سنچری اسکور کی ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان نے ون ڈے میں اپنی 500 ویں جیت درج کی۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان ایسا کرنے والا آسٹریلیا اور بھارت کے بعد تیسرا ملک بن گیا ہے۔ 289 رنز کے تعاقب میں زمان اور امام الحق نے 124 رنز کی مضبوط شراکت داری کی۔ اپنی 15ویں ون ڈے ففٹی بنانے کے بعد امام کو 22ویں اوور میں لیگ اسپنر ایش سوڈھی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ انہوں نے 65 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ امام کے جانے کے بعد فخر زمان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 90 رنز جوڑے اور 35ویں اوور میں اپنی نویں ون ڈے سنچری بھی مکمل کی۔