اسلام آباد:کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ سے قبل میڈیا ٹاک کرتے ہوئے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہمیں رنز بنانے کی رفتار تیز کرنی ہوگی، بولرز 20 وکٹیں لیں گے تو ہمارے لیے پلانز پر عملدر آمد کرنا آسان ہو جائے گا۔ہمارے پاس بولنگ میں بہت آپشنز موجود ہیں، سڈنی میں گیند ریورس ہوتا ہے، وسیم جونیئر کو اس لیے ساتھ لائے ہیں، خرم شہزاد اور میر حمزہ دونوں ڈومیسٹک کے پرفارمر ہیں۔
شان مسعود نے بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبداللہ شفیق اور امام الحق اوپننگ کریں گے، بابراعظم نمبر 4 پر کھیلیں گے جبکہ سرفراز احمد کو محمد رضوان پر ترجیح دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر دنیائے کرکٹ کے بہترین ایمبیسڈر ہیں، یہ سیریز ان کے لیے ایک جذباتی سیریز ہوگی، کوشش کریں گے ان کی آخری سیریز میں وارنر کے لیے مختلف چیلنجز لائیں۔ شان مسعود نے کہا کہ ہم یہاں آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں ہمیں کسی کا منہ بند نہیں کرنا، ہم اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کرکٹ کھیلیں گے، ہم ایسی کرکٹ کھیلیں گے جو کہ فینز کو پسند آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریزلٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے لیکن ہم مثبت انداز میں کھیلیں گے، ہمارے بارے میں رائے رکھنا ہر کسی کا حق ہے۔ میں نے زندگی میں ہمیشہ چیلنجز لیے ہیں، یہ ایک چیلنج ہے اور ایک اچھا موقع ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان نے کیا کہ آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن ہے، ہم نے کسی ایک کو چیلنج نہیں کرنا، آسٹریلیا کا اسکواڈ بہت مضبوط ہے آسٹریلیا کے بولنگ اٹیک نے ہر کنڈیشنز میں برتری حاصل کی ہے۔