ملتان: ایشیا کپ 2023 کے پہلے میچ میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں نبرد آزما ہیں۔ پاکستان کے کپتان باہر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد وکٹ کو بیٹنگ کے لئے ساز گار قرار دیا۔ نیپال کے کپتان روہت پاؤڈیل نے کہاکہ پچ اچھی ہے۔ اگر ہم ٹاس جیتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔
پاکستان کے سلامی بلے باز فخر زماں اور امام الحق نے اننگ کی شروعات کی، پاکستان نے پہلے اوور میں نو رن بنائے۔ 30,000 نشستوں والے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان-نیپال کے درمیان اچھے مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔ نیپال نے اس ورلڈ کپ سائیکل میں پاکستان سے زیادہ ون ڈے کھیلے ہیں اور اپریل-مئی میں اے سی سی مینز پریمیئر کپ جیت کر ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ نیپال نے ورلڈ کپ کوالیفائرز کے دوسرے مرحلے میں بھی جگہ بنالی۔
بابر اعظم کی ٹیم ایشیا کپ میں اپنے گھر پر صرف دو میچ کھیلنے جا رہی ہے اور پہلے میچ سے ہی اپنی بالادستی برقرار رکھنا چاہے گی۔ بابر اور فخر زمان گزشتہ چند میچوں میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے تب بھی مڈل آرڈر نے اننگز کو سنبھالا ہے جو پاکستان کے لیے اچھی خبر ہے۔ ورلڈ کپ سے قبل سعود شکیل اور آغا سلمان جیسے نوجوانوں کی اچھی پرفارمنس پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔