اسلام آباد: اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ہارون رشید کو چیف سلیکٹر مقرر کر دیا گیا ہے اور ان کے ساتھ میں نے کئی برس کام بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعلان اس لیے کیا کیونکہ بہت افواہیں چل رہی تھیں اور ہر امیدوار کی پروموشنز ہو رہی تھی حالانکہ ہمارے پاس وقت تھا لیکن بڑا دباؤ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی صرف چیف سلیکٹر کی تقرری ہوئی ہے لیکن اب آرام سے مشاورت کے بعد دیگر اراکین کو شامل کریں گے۔
69 سالہ ہارون کو 22 دسمبر کو بورڈ کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم شہباز شریف نے پی سی بی کو چلانے کے لیے 14 رکنی کرکٹ مینجمنٹ کمیٹی میں بھی نامزد کیا تھا۔سیٹھی نے کہا کہ ہارون نے اب مینجمنٹ کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے کیونکہ ہم مفادات کا ٹکراؤ نہیں چاہتے کیونکہ وہ اب چیف سلیکٹر ہیں۔ ہارون کو پاکستان کے لیے 23 ٹیسٹ اور 12 ون ڈے کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ بورڈ میں کئی دوسرے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں جن میں چیف سلیکٹر، سینئر اور جونیئر ٹیموں کے مینیجر اور سینئر اور جونیئر ٹیموں کے ہیڈ کوچ بھی شامل ہیں۔