پی سی بی کے مطابق دونوں ٹیمیں 23 جون کو لاہور سے انٹیگا کے لیے روانہ ہوں گی اور پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں تین ٹی 20 اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ پی سی بی کے مطابق اس دوران دونوں ممالک کی خواتین کی اے کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی اور سیریز کے تمام میچز انٹیگا میں ہوں گے۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا گزشتہ 4 ماہ کے دوران یہ تیسرا بین الاقوامی دورہ ہے، اس سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ ہوئی تھی تاہم پروازیں معطل ہونے کے باعث یہ دورہ مختصر کردیا گیا تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر میں رائج سفری پابندیوں کے باوجود بورڈ کا قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ان بین الاقوامی دوروں کو حتمی شکل دینے کا مقصد قومی کھلاڑیوں کو رواں سال شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر کی ہر ممکن تیاری کروانا ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیموں کے درمیان آخری دوطرفہ سیریز 2019 میں کھیلی گئی تھی، جس میں ایک روزہ سیریز پاکستان جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز ویسٹ انڈیز نے جیت لیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بین الاقوامی کرکٹ میچ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان کو کامیابی نصیب ہوئی تھی۔
پی سی بی نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیموں اور خصوصاََ قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز سے ملک میں خواتین کرکٹ کو فروغ ملے گا اور ان ٹیموں میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو گزشتہ چند ماہ سے قومی خواتین کرکٹ کے پول کا حصہ ہیں۔