پرتھ:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ میں ہونے والے ٹیسٹ کا آج تیسرا روز ہے اور پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 487 رنز کے جواب میں 271 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے امام الحق 62، عبداللہ شفیق 42، کپتان شان مسعود 30، بابر اعظم 21، خرم شہزاد 7، سرفراز احمد 3 رنز بنا سکے۔
دو میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں میزبان کپتان پیٹ کمنز نے مہمان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا، محض ایک رنز اضافے کے بعد خرم شہزاد اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ کریز پر موجود امام الحق کا ساتھ دینے بابر اعظم میدان میں اترے۔
دونوں نے مل کر اسکور کو 181 رنز تک پہنچایا، تاہم بابر اعظم 21 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور مچل مارش کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان کی جانب سے میچ میں واحد نصف سینچری بنانے والے بائیں ہاتھ کے بیٹر امام الحق بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ وہ 191 گیندوں پر 62 رنز بنا سکے، اس موقع پر 192 رنز پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اس کے بعد آنے والے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کو مچل اسٹارک نے اندر آتی ایک خوبصورت گیند پر چلتا کیا، وہ صرف 3 رنز بنا سکے۔