کراچی:نیوزی لینڈ کی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ونڈے میں 26 رنوں سے شکست دے دی۔ بابر اعظم کی ٹیم نے 5 ونڈے میچوں کی سیریز میں 3-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ کراچی میں کھیلے گئے سیریز کا تیسرا میچ پاکستان نے 26 رنز سے جیت لیا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 287 رنز بنائے۔ کیوی ٹیم 261 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے 12 برس بعد نیوزی لینڈ کے خلاف دو طرفہ ون ڈے سیریز جیت لی ہے۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ فخر زمان نے پاکستان کی جانب سے لگاتار تین ون ڈے میچوں میں سنچریاں اسکور کی تھیں، لیکن اس میچ میں وہ کمال نہیں کر سکے۔ وہ 19 رنز بنانے کے بعد میٹ ہنری کا شکار بنے۔ 37 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد امام الحق اور بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے ففٹی بنائی اور دوسری وکٹ کے لیے 108 رنز جوڑے۔ 29 میں بابر بھی ہنری کا شکار ہو ئے۔ امام الحق کے پاس سنچری بنانے کا موقع تھا، لیکن وہ 90 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ایڈم ملنے کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی 107 گیندوں کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ محمد رضوان نے 34 گیندوں پر 32 جب کہ آغا سلمان نے 29 گیندوں پر 31 رنز بنائے اور 5ویں وکٹ کے لیے 54 رنز جوڑے۔ آخر میں شاداب خان نے 10 گیندوں پر 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کو 287 رنز تک پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3جب کہ ملنے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔