کولکاتا: آئی پی ایل 2023 میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے بہترین بلے باز کے طور پر ابھرنے والے رنکو سنگھ کا کہنا ہے کہ گجرات ٹائٹنز کے خلاف آخری اوور میں پانچ چھکے لگانے کے بعد ان کی زندگی بہت بدل گئی ہے اور اب مزید لوگ انہیں پہچاننے لگے ہیں۔ کے کے آر کے لیے فنشر کے طور پر چمکنے والے رنکو نے ہفتہ کی رات لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف 33 گیندوں پر ناٹ آوٹ 67 رن بنائے، حالانکہ ان کی ٹیم فتح سے ایک رن دور رہ گئی۔
جب کے کے آر کو آخری اوور میں 21 رن درکار تھے تو یش ٹھاکر نے پہلی تین گیندوں پر صرف تین رن دیے۔ رنکو نے چوتھی گیند پر چھکا لگایا، لیکن چوتھی گیند پر صرف چوکا لگنے کی وجہ سے کے کے آر کی جیت کی امید ختم ہو گئی ۔ آخری گیند پر چھکا لگانے کے باوجود رنکو کے کے آر کو ہدف تک نہیں لے جا سکے۔ جب رنکو سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے گجرات کے خلاف پانچ گیندوں میں جو پانچ چھکے لگائے تھے وہ ان کے ذہن میں تھے، تو انہوں نے کہا، "یہ میرے ذہن میں تھا، میں نے وہ پانچ چھکے لگائے، اس لیے میں پرسکون تھا اور میں پر امید تھا۔ مجھے یقین تھا میں صورتحال کو سنبھالوں گا، ہمیں آخری اوور میں 21 رن درکار تھے۔ میں ایک گیند کو ٹھیک سے نہیں مار سکا اور وہ چوکا چلا گیا۔رنکو نے گزشتہ آئی پی ایل میں لکھنؤ کے خلاف 15 گیندوں پر 40 رن کی اننگز کھیل کر سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی تھی۔