انگلینڈ کے شہر ساؤتھمپٹن کے روز باؤل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپیئن شپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8 وکٹ سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا۔
بھارت کے 139 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور راس ٹیلر کی 95 رنوں کی پارٹنرشپ نے نیوزی لینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
نیوزی لینڈ کے تیز گیند بازوں نے بھارت کو آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے چھٹے اور آخری دن دوسری اننگ میں 170 رن پر سمیٹ دیا اور نیوزی لینڈ کو 139 رن کا ہدف ملا۔ اس ہدف کو اس نے 45.5 اوورز میں دو وکٹس کے نقصان پر 140 رن بناکر حاصل کرلیا اور اس طرح پہلا آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ بھارت کی جانب سے دونوں اننگ میں کوئی بھی بھارتی بلے باز 50 رنز تک نہیں پہنچ سکا۔
نیوزی لینڈ کا یہ پہلا عالمی ٹیسٹ خطاب ہے۔ کین ولیمسن نے اس فتح کے ساتھ وراٹ کوہلی کا پہلا آئی سی سی خطاب جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔ وراٹ کو 2019 میں انگلینڈ میں ہوئے عالمی کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ اس فائنل میں ایک دن ریزرو ڈے کے طور پر رکھا گیا تھا۔ میچ میں پہلے اور چوتھے دن کا کھیل پوری طرح بارش کی وجہ سے نہیں ہو سکا، لیکن میچ کے چھٹے اور ریزرو دن موسم مکمل صاف رہا اور نیوزی لینڈ نے بھارت کو دوسری اننگ میں 170 رن پر نمٹانے کے بعد حاصل ہوئے ہدف کو کامیابی سے حاصل کرکے خطاب اپنے نام کرلیا۔