نئی دہلی: اسٹائلش اوپننگ بلے باز مرلی وجے نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 30 جنوری کی سہ پہر مرلی وجے نے سوشل میڈیا پر اس کا اعلان کیا اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ بھارت کو فروری میں ہی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے، اس سے قبل ایک اسٹار کھلاڑی ریٹائر ہو چکے ہیں۔ تاہم مرلی وجے ابھی تک ٹیم انڈیا کے اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
38 سالہ مرلی وجے نے اپنے پیغام میں لکھا کہ آج میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔ سنہ 2002 سے 2008 تک کا سفر میری زندگی کا بہترین تھا کیونکہ میں نے بھارت کے لیے کردار ادا کیا۔ میں اپنی طرف سے بی سی سی آئی تمل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن، چنئی سپر کنگز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
مرلی وجے نے مزید لکھا کہ میں اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں، مینٹرز، کوچز، سپورٹ اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے میرے کریئر میں میری بہت مدد کی۔ میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے کریئر کے اتار چڑھاؤ میں ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔ مرلی وجے کا یہ بھی کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ باہر مختلف لیگز کے لیے تیار ہیں، اگر انہیں کوئی ذمہ داری ملی تو وہ اسے ادا کریں گے۔ مرلی وجے نے بھارت کے لیے 61 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جس میں ان کے 3982 رنز ہیں۔ ان میں انہوں نے 12 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کے ساتھ 38.28 کی اوسط سے رنز بنائے۔ مرلی وجے نے بھارت کے لیے 17 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے۔