ممبئی: ویمنز پریمیئر لیگ کے ایلیمنیٹر میچ میں ممبئی انڈینز نے یوپی واریئرز کو 72 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ممبئی انڈینز نے فائنل میں جگہ بنالی۔ فائنل مقابلہ 26 مارچ کو ممبئی کے بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میں ممبئی انڈینز کا مقابلہ دہلی کیپٹلز سے ہوگا۔ ایلیمنیٹر میچ میں یوپی واریئرس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ممبئی نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹ پر 182 رنز بنائے۔ جواب میں یوپی کی ٹیم 17.4 اوورز میں 110 رنز بنا کر آؤٹ ہو ہوگئی۔ سیور برنٹ کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ممبئی انڈینز نے 182 کا چیلنجنگ اسکور بنایا جس میں نیٹلی سیور برنٹ نے نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 72 رنز کی ناقابل شکست نصف سنچری بنائی۔ ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں یوپی واریرز اپنے اسپن گیند بازوں کی بدولت پہلے 10 اوورز تک قابو میں نظر آئے کیونکہ ممبئی کے بلے باز کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے لیکن سیور برنٹ ایک سرے پر ڈٹی رہیں۔ ممبئی انڈینز نے آخری پانچ اوورز میں 66 رنز جوڑکر چیلنجنگ اسکور بنایا۔ ممبئی انڈینز کی جانب سے یاستیکا بھاٹیہ (21)، ہیلی میتھیوز (26) اور ہرمن پریت کور (14) جیسی کھلاڑی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر سکیں۔