ممبئی:ویمنز پریمیئر لیگ کے چوتھے میچ میں میزبان ممبئی انڈینز نے آر سی بی کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹورنامنٹ میں ممبئی کی یہ مسلسل دوسری جیت اور آر سی بی کی مسلسل دوسری شکست ہے۔ بریبورن کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور نے 155 رنز بنائے۔ جواب میں ہرمن پریت کور کی ٹیم نے باآسانی 34 گیندوں پہلے ہی میچ جیت لیا۔ ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کی شروعات اچھی رہی اور ہیلی میتھیوز نے یاستیکا بھاٹیا کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کے لیے 5 اوورز میں 45 رنز کی شراکت قائم کی۔ یاستیکا بھاٹیہ نے چار چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔ ہیلی میتھیوز نے 38 گیندوں پر ناقابل شکست 77 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ وہیں نیٹ سیور برنٹ نے 29 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رنز بنائے۔ نیٹ سیور برنٹ نے اپنی دھماکہ خیز اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ سیور برنٹ اور میتھیوز کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 114 رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوئی۔
بنگلور نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے تیز شروعات کی لیکن سائقہ اسحاق نے اوپنر سوفی ڈیوائن کو آؤٹ کر کے وکٹوں کی جھڑی لگادی۔ ڈیوائن نے 11 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 16 رنز بنائے۔ سائقہ نے ایک گیند بعد دیشا کیسٹ کو آؤٹ کیا، جب کہ اسمرتی مندھانا (17 گیندوں، پانچ چوکوں، 23 رنز) اور ہیدر نائٹ اگلے اوور میں ہیلی میتھیوز کا شکار بن گئیں۔ چار رن کے وقفے میں چار وکٹیں گرنے کے بعد ریچا نے اننگز کو سنبھالا۔ انہوں نے ایلیس پیری (7 گیندوں پر 13 رنز) کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 28 رنز جوڑے۔ پیری ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر اپنے رنگ میں آ رہی تھیں لیکن رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔