ممبئی: ویمنز پریمیئر لیگ (WPL) کے پہلے سیزن کا پہلا میچ ممبئی انڈینز اور گجرات جائنٹس کے درمیان کھیلا گیا۔ یہ میچ ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ جہاں ممبئی انڈینز نے گجرات جائنٹس کو 143 رنز سے شکست دی۔ گجرات نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ممبئی نے 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 207 رنز بنائے۔ جواب میں گجرات کی ٹیم 15.1 اوورز میں صرف 64 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ممبئی کی جانب سے کپتان ہرمن پریت کور نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی 30 گیندوں کی اننگز میں 14 چوکے لگائے۔ اوپنر ہیلی میتھیوز نے 31 گیندوں پر 47 اور امیلیا کیر نے 24 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 45 رنز بنائی۔
گجرات جائنٹس کی جانب سے اسنیہ رانا نے سب سے زیادہ دو وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں گجرات کے لیے صرف دیالن ہیملتا اور مونیکا پٹیل ہی دوہرے ہندسے کو چھو سکیں۔ ہیملتا نے 23 گیندوں پر ناقابل شکست 29 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگ کے دوران ایک چوکا اور دو چھکے لگائے۔ ممبئی کی جانب سے سب سے زیادہ چار وکٹیں سائکا اسحاق نے حاصل کیں۔ سائکا کے علاوہ امیلیا کیر اور نیٹ سیور برنٹ نے ممبئی ٹیم کی جانب سے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے گجرات کی ٹیم کے خلاف 22 گیندوں میں شاندار ففٹی اسکور کی۔ اس اننگز کے دوران ہرمن پریت نے لگاتار 7 گیندوں پر 7 چوکے لگائے۔ ہرمن نے پہلے مونیکا پٹیل کی اننگز کے 15ویں اوور کی آخری 4 گیندوں پر چوکا لگایا۔ اس کے بعد 16واں اوور میں جیسے ہی انہیں اسٹرائیک ملا، حرمین نے پھر سے لگاتار تین چوکے لگائے اور تیز رنز بنائے۔ ہرمن پریت اس میچ میں 30 گیندوں میں 65 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔