اردو

urdu

ETV Bharat / sports

Women's Premier League گجرات کو شکست دے کر ممبئی انڈینز پلے آف میں

ویمنز پریمیئر لیگ کے 12ویں میچ میں ممبئی انڈینز نے گجرات جائنٹس کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ممبئی انڈینز نے پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ کپتان ہرمن پریت کور کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ Mumbai Indians Beat Gujarat Giants

گجرات کو شکست دے کر ممبئی انڈینز پلے آف میں
گجرات کو شکست دے کر ممبئی انڈینز پلے آف میں

By

Published : Mar 15, 2023, 6:42 AM IST

ممبئی:کپتان ہرمن پریت کور (51) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ممبئی انڈینز نے منگل کو ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں گجرات جائنٹس کو 55 رن سے شکست دے کر پلے آف میں اپنی جگہ بنالی۔ ممبئی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 162 رن بنائے جس کے جواب میں جائنٹس نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 107 رن تک ہی پہنچ سکی۔ جائنٹس نے پہلی اننگز کے بیشتر حصے میں سخت گیند بازی اور فیلڈنگ کے ساتھ اپنی پکڑ مضبوط رکھی لیکن ہرمن پریت نے 51 رن کی اننگز کھیل کر ممبئی کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ ہرمن پریت نے اپنی 30 گیندوں کی اننگز میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ یاستیکا بھاٹیہ نے 37 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رن بنائے جبکہ نیٹ سیور برنٹ نے 31 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رن بنائے۔ ممبئی کے گیند بازوں نے ٹورنامنٹ کے اب تک کے اپنے سب سے کم اسکور کا دفاع کرتے ہوئے کوئی غلطی نہیں کی۔

جائنٹس کے خاتمے کا آغاز اننگز کی پہلی گیند پر صوفیہ ڈنکلے کی وکٹ گرنے سے ہوا جو 18ویں اوور میں تنوجا کنور کے آؤٹ ہونے پر ختم ہوئی۔ سیور برنٹ اور ہیلی میتھیوز نے تین تین وکٹیں لے کر ممبئی کی اس بڑی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ امیلیا کار کو دو جبکہ آئسی وونگ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ممبئی نے ڈبلیو پی ایل کے پلے آف میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ وہ ایسا کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔ دہلی کیپٹلس پانچ میچوں میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں دوسرے جبکہ جائنٹس پانچ میچوں میں صرف دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ جائنٹس نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا انتخاب کیا اور ایشلے گارڈنر نے پہلے ہی اوور میں ہیلی میتھیوز کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ دھماکہ خیز اوپنر کا وکٹ گنوانے کے بعد ممبئی پاور پلے میں صرف 40 رن جوڑ سکی۔ یاستیکا اور سیور برنٹ نے ممبئی کی اننگز کو سنبھالا اور دوسرے وکٹ کے لیے 74 رن جوڑے۔ کم گارتھ نے 11ویں اوور کی آخری گیند پر سیور برنٹ کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔

رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں یاستیکا بھی سات گیندوں کے بعد رن آؤٹ ہو گئی۔ اس جوڑی کے پویلین جانے کے بعد ہرمن پریت نے ممبئی کی اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے امیلیا کار (13 گیندوں، 19 رن) کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 51 رن کی شراکت داری کی۔ کر کے آؤٹ ہونے کے بعد ممبئی کے لیے وکٹوں کی جھ۔ڑی لگ گئی لیکن ہرمن پریت نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی۔ کم گارتھ نے تنوجا کنور کی گیند پر پیچھے بھاگتے ہوئے کار کا شاندار کیچ لیا، جب کہ اسنیہ رانا نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیکر اسنی وونگ کو چلتا کیا۔ حمیرا قاضی 19ویں اوور میں ہرمن پریت کو اسٹرائیک دینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئیں۔

ہرمن پریت بھی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آخری اوور میں آؤٹ ہوگئیں۔ ممبئی نے آخری پانچ اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 50 رن جوڑے اور 20 اووروں میں 162/8 رن بنائے۔ جائنٹس کی قابل ستائش گیندبازی میں گارڈنر کی کارکردگی بہترین تھی، انہوں نے چار اوور میں 34 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ گرتھ، اسنیہ رانا اور تنوجا کنور کو ایک ایک کامیابی ملی۔ ہرمن پریت نے اپنے گیند بازوں کو مضبوط اسکور دے دیا تھا۔ سیور برنٹ نے جائنٹس کی اننگز کی پہلی ہی گیند پر دھماکہ خیز اوپنر ڈنکلی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے اسکور کو مزید مشکل بنا دیا۔

اس سے پہلے کہ جائنٹس اس دھچکے سے سنبھل پاتے، میتھیوز نے پاور پلے کے آخری اوور میں آل راؤنڈرز میگھنا اور اینابیل سدرلینڈ کو آؤٹ کر دیا۔ جائنٹس کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب ہرلین دیول اور گارڈنر لگاتار گیندوں پر آؤٹ ہوئیں۔ ہارلین 22 گیندوں پر تین چوکوں سمیت 22 رنز بناکر جائنٹس کی اننگز کو سنبھال رہی تھیں لیکن نویں اوور کی آخری گیند پر وونگ نے انہیں آؤٹ کردیا۔ ٹیم کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھنے والی نائب کپتان گارڈنر 10ویں اوور کی پہلی گیند پر ہی کر کا شکار ہو گئیں۔ کار نے اپنے اسپیل کے اختتام سے قبل دیالن ہیملتا کی وکٹ حاصل کی جبکہ سیور برنٹ نے کپتان اسنیہ رانا (19 گیندوں، 20 رن) اور کم گارتھ (08) کو آؤٹ کرکے اپنے اسپیل کا خاتمہ کیا۔ میتھیوز نے اپنی تیسری وکٹ 18ویں اوور میں حاصل کی، تاہم ڈبلیو پی ایل کی بہترین باؤلر سائکا اسحاق کوئی وکٹ نہیں لے سکیں اور چار اوورز میں 20 رن دے کر میچ ختم کیا۔ ممبئی کا اگلا مقابلہ ہفتہ کو یوپی واریئرز سے ہوگا، جبکہ جائنٹس جمعرات کو اپنے اگلے میچ میں کیپٹلس کا مقابلہ کرے گی۔

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details