ممبئی:سائقہ اسحاق (13/3)، ایزی وانگ (10/3) اور ہیلی میتھیوز (19/3) کی شاندار گیند بازی کے بعد یاستیکا بھاٹیا (40) کی زبردست بلے بازی کی بدولت ممبئی انڈینس نے بدھ کے روز ویمنس پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں دہلی کیپٹلس کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔ کیپٹلز کی جانب سے کپتان مگ لیننگ نے 41 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے جبکہ جمیما روڈریگز نے 18 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ کیپٹلز کا کوئی بھی بلے باز دوہرا ہندسہ عبور نہ کرسکا اور ٹیم 18 اوورز میں آل آؤٹ ہوگئی۔ ڈبلیو پی ایل کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی سائقہ نے تین اوورز میں صرف 13 رنز دے کر لیننگ اور روڈریگس سمیت تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ وانگ نے چار اوورز میں صرف 10 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ میتھیوز نے چار اوورز میں 19 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یستیکا نے 32 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر کیپٹلز کو تقریباً میچ سے باہر کر دیا۔ یستیکا اور میتھیوز (32) ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگئیں، جس کے بعد نیٹ سیور برنٹ (23 ناٹ آؤٹ) اور ہرمن پریت کور (ناٹ آؤٹ 11) نے ممبئی کو فتح سے ہمکنار کیا۔ کیپٹلز نے ٹاس جیت کربلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن پچھلے میچوں کی طرح ان کی طرف سے اتنی صلاحیت کا مظاہرہ دیکھنے کو نہیں ملا ۔ پہلے دو میچوں میں 200 کا ہندسہ عبور کرنے والی کیپٹلس ممبئی کی گیندبازی کے سامنے جدوجہد کرتی ہی نظر آئی۔ اننگز کے دوسرے اوور میں سائقہ نے شیفالی ورما (02) کی وکٹ لے کر اپنا کھاتہ کھولا، جبکہ پوجا وستراکر نے چار اوور بعد ایلس کیپسی (06) کو پویلین لوٹا دیا۔ اگلے ہی اوور میں کیپٹلز کی بلے بازی اس وقت پوری طرح سے دباؤ میں آ گئی جب ماریزانے کاپ کی وکٹ وونگ کی گیند پر گر گئی۔ تاہم اس کے بعد لیننگ-روڈریگس کی جوڑی نے کچھ دیر تک اننگز کو سنبھالا۔