لاہور: آسٹریلیا کے عظیم بلے باز میتھیو ہیڈن آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری بار پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینٹور کا کردار نبھائیں گے۔ ہیڈن اس سے قبل 2021 میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کے مینٹور کا کردار ادا کر چکے ہیں جہاں پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل تک کا سفر طےکیا تھا۔T20 World Cup
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'ہیڈن کو بطور مینٹور ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں ہندوستان، نیوزی لینڈ، افغانستان، اسکاٹ لینڈ اور نامبیا کے خلاف فتوحات حاصل کرکے پاکستان کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں موثر کردار ادا کیا تھا۔
ہیڈن 15 اکتوبر کو برسبین میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ شامل ہوں گے۔ اسی روز پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش اور میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے بعد کرائسٹ چرچ سے برسبین پہنچے گی۔ سابق آسٹریلین اوپنر نے کہا کہ میرے خیال میں اس پاکستانی ٹیم کے پاس آسٹریلیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے درکار تمام صلاحیتیں ہیں اور بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں نقطہ نظر سے کنڈیشنز ان کے لیے موزوں ہوں گی۔