ٹیم انڈیا کے نائب کپتان کے ایل راہُل کا جرمنی میں اسپورٹس ہرنیا کا کامیاب آپریشن ہوا ہے۔ راہل نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کرکے اس کی جانکاری دی ہے۔ اس سرجری کی وجہ سے راہُل کے چند ماہ کے لیے مسابقتی کرکٹ سے باہر ہونے کا امکان ہے۔ انہیں کئی مہینوں سے کمر میں کھینچاؤ اور پیر کے پٹھوں میں چوٹ جیسی فٹنس کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ راہُل نے تصویر کے کیپشن میں لکھا 'پچھلے کچھ ہفتے بہت مشکل رہے، لیکن سرجری کامیاب رہی۔ میں ٹھیک ہو رہا ہوں۔ میری صحتیابی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ آپ کے پیغامات اور دعاؤں کا شکریہ۔ جلد ہی ملیں گے۔' KL Rahul Surgery in Germany
بھارت واپسی پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کی اسپورٹس سائنس ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر نتن پٹیل کی قیادت میں راہُل کا ری ہیبلیٹیشن شروع ہوگا۔ ان کی واپسی کے لیے وقت طے نہیں کیا جا سکتا لیکن اس معاملے سے باخبر ذرائع کا ماننا ہے کہ انہیں بھارتی ٹیم میں واپسی کے لیے مزید چند ماہ لگ سکتے ہیں۔ بی سی سی آئی کے ایک ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہ (راہُل) کچھ دن آرام کریں گے اور پھر این سی اے میں ان کا ری ہیب شروع ہو جائے گا۔ باقاعدہ نیٹ سیزن شروع ہونے میں چند ہفتے لگیں گے اور دیکھتے ہیں کہ آیا وہ ایشیا کپ میں واپسی کر پائیں گے یا نہیں۔ کے ایل راہُل کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں بھارت کے کامیاب ترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور توقع ہے کہ وہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔