ممبئی:بھارتی کپتان روہت شرما انگوٹھے کی چوٹ کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں لوکیش راہل ٹیم کی قیادت کریں گے۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سکریٹری جے شاہ نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔Rohit Sharma ruled out of first Test
جے شاہ نے یہ بھی بتایا کہ تیز گیند باز محمد شامی اور رویندر جڈیجہ بالترتیب کندھے اور گھٹنے کی انجری سے صحت یاب نہ ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ روہت کی چوٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے شاہ نے کہاکہ 'بھارتی کپتان روہت شرما اپنے بائیں انگوٹھے کی چوٹ کے لیے ممبئی میں ایک ماہر کے پاس گئے ہیں۔ انھیں اس چوٹ کے لیے مناسب علاج کی ضرورت ہے اور وہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔'
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 22 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم روہت کو دوسرے ٹیسٹ میں شامل کرنے کے بارے میں مستقبل میں فیصلہ کرے گی۔ پہلے ٹیسٹ کے لیے روہت کی جگہ ابھیمنیو ایسوارن کو شامل کیا گیا ہے۔
جے شاہ نے کہاکہ 'دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے ان کی (روہت) کی دستیابی کا فیصلہ بعد میں بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کرے گی۔ سلیکشن کمیٹی نے پہلے ٹیسٹ کے لیے ان کی جگہ ابھیمنیو ایسوارن کو نامزد کیا ہے۔'