ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے محدود اووروں کے کپتان کین ولیمسن کو ون ڈے اور ٹیسٹ کے بعد اب بنگلہ دیش کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس سیریز کے ساتھ وہ ایک سال بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔
اوپننگ بلے باز ڈیون کونوے کو ٹی ٹوئنٹی سے آرام دیا گیا ہے، جب کہ مائیکل بریسویل، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ہنری شپلی الگ الگ انجری کی وجہ سے سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ ٹرینٹ بولٹ، جنہوں نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کیے، خود کو سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں قرار دیا۔ آل راؤنڈر جیمز نیشم کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور فاسٹ بولر بین سیئرز کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ولیمسن نے اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی گزشتہ سال نومبر میں ہندستان کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ رواں سال کے آئی پی ایل کے پہلے میچ کے دوران ٹانگ میں انجری کا شکار ہوئے تھے اور انہیں سرجری کرانی پڑی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے اکتوبر-نومبر میں منعقدہ ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی تھی۔