بھارت اور سری لنکا کے مابین جاری ٹیسٹ سیریز India vs Sri Lanka Test Series کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کی پہلی اننگ میں 5 اور دوسری اننگ میں 4 وکٹ کی مدد سے بھارت نے سری لنکا کو میچ کے تیسرے دن ہی اننگز اور 222 رن سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 8 وکٹ کے نقصان پر 574 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی اور پہلی اننگز میں سری لنکا کو 174 رنز پر ڈھیر کر کے فالو آن کروایا اور دوسری اننگز میں اسے 178 رنز پر سمیٹ کر میچ اننگز کے فرق سے جیت لیا۔ تیسرے دن کے کھیل میں سری لنکا نے اپنی 16 وکٹیں گنوائیں۔
بھارت کی جانب سے رویندر جڈیجہ نے پہلی اننگز میں 41 رن پر 5 اور دوسری اننگز میں 46 رن پر 4 وکٹ لئے جبکہ انہوں نے بلے بازی کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 175 رنز بنائے تھے۔ جڈیجہ کو اس بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا اور اس طرح بھارت نے وراٹ کوہلی کے 100ویں ٹیسٹ میں جیت حاصل درج کرکے اسے یادگار بنا دیا
سری لنکا کی دوسری اننگ میں جڈیجہ کے علاوہ آف اسپنر روی چندرن اشون نے 47 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور کپل دیو (434) کو پیچھے چھوڑ کر بھارت کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند باز بن گئے جبکہ تیز گیند باز محمد شامی نے 48 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔