نئی دہلی: بارڈر گواسکر ٹرافی کے چوتھے میچ میں جیت بھارت کے لیے بہت اہم ہے۔ اگر بھارت یہ میچ ہار جاتا ہے تو اس کا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کا خواب ادھورا رہ سکتا ہے۔ ساتھ ہی ٹرافی بھی 2-2 سے برابر ہو جائے گی۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا ٹیسٹ 9 مارچ سے شروع ہوگا جو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن کو موقع مل سکتا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز میں دو بھارتی کھلاڑیوں نے اپنا ڈیبیو کیا ہے۔
ناگپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں سوریہ کمار یادو اور کے ایس بھرت نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ سوریا کو پہلے میچ میں صرف ایک اننگز کھیلنے کا موقع ملا تھا جس میں وہ صرف 8 رنز ہی بنا پائے تھے۔ اس کے بعد کھیلے گئے دو ٹیسٹ میچوں میں سوریا کو موقع نہیں ملا۔ جب کہ کے ایس بھرت نے تینوں میچ کھیلے ہیں۔ بھرت نے تین میچوں کی پانچ اننگز میں 57 رنز بنائے ہیں۔ بھرت کے علاوہ ایشان کشن بھی ٹیم میں وکٹ کیپر ہیں۔ کشن کو بارڈر گواسکر ٹرافی کے آخری میچ میں موقع مل سکتا ہے۔ انہیں گذشتہ تین میچوں سے ڈیبیو کا انتظار ہے۔ ذرائع کے مطابق کشن کو آخری میچ میں آزمایا جا سکتا ہے۔ کے ایل راہل کو بھی تیسرے ٹیسٹ میں جگہ نہیں ملی اور ان کی جگہ شبمن گل کو موقع ملا۔ راہل بھی پہلے دو ٹیسٹ میں توقعات پر پورا نہیں اترے۔ جس کی وجہ سے انہیں نائب کپتان کے عہدے سے ہٹادیا گیا۔