کولکاتا:ممبئی کے 21 سالہ کھلاڑی یشسوی جیسوال نے جمعرات کو کے کے آر کے خلاف صرف 13 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اوپنر یشسوی کے ناقابل شکست 98 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت راجستھان نے کے کے آر کو یک طرفہ مقابلے میں نو وکٹوں سے شکست دی۔ یشسوی نے میچ کے بعد کہا، ’’بلاشبہ یہ میری یادگار اننگز تھی جسے آپ کبھی بھولنا نہیں چاہیں گے۔ جب میں بیٹنگ کر رہا تھا تو مجھے لگا کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے اور مجھے اپنی اننگز کو اسی طرح جاری رکھنا چاہیے۔ سنجو (سنجو سیمسن) بھائی میری حوصلہ افزائی کر رہے تھے۔
یشسوی نے کہا کہ میں اپنی بلے بازی کو بہتر بنانے کے لیے ہمیشہ نئی چیزیں سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں اور پرسکون اور توجہ مرکوز رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں خوش قسمت ہوں کہ آئی پی ایل میں، مجھے دھونی بھائی، راہل بھائی اور ویراٹ بھائی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کو قریبی حلقوں سے دیکھنے اور جاننے کا موقع مل رہا ہے۔ وہ میری حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور ان سے کچھ نیا سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب کولکاتا کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں تجربہ کار لیگ اسپنر یوجویندر چہل (25/4) کی مہلک گیندبازی کے بعد نوجوان باصلاحیت اوپنر یشسوی جیسوال (ناٹ آؤٹ 98) کی طوفانی نصف سنچری کی بدولت راجستھان رائلز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے یک طرفہ میچ میں کے کے آر کو نو وکٹوں سے کچل دیا گیا۔